لندن: برطانوی فوج کے سابق افسر اور کورونا وبا کے دوران لاکھوں پاؤنڈ عطیات جمع کرنے والے Captain Sir Tom Moore کی بیٹی Hannah Ingram-Moore ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ مبینہ طور پر ٹک ٹاک کے ایفیلی ایٹ پروگرام کے ذریعے مختلف مصنوعات کی تشہیر کر رہی ہیں اور ان کی فروخت پر کمیشن حاصل کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ کیپٹن ٹام فاؤنڈیشن سے متعلق سابقہ تنازعات بھی دوبارہ موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔
تاحال اس بات کے شواہد سامنے نہیں آئے کہ ٹک ٹاک پر کمیشن حاصل کرنے کی یہ سرگرمی غیر قانونی ہے، تاہم اس معاملے پر عوامی ردعمل منقسم ہے۔ بعض صارفین اسے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ آن لائن مواد کے ذریعے آمدنی حاصل کرنا ایک جائز عمل ہے۔
کیپٹن سر ٹام مور نے کورونا وبا کے دوران اپنی 100ویں سالگرہ سے قبل چیریٹی واک کے ذریعے برطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) کے لیے کروڑوں پاؤنڈ جمع کرکے عالمی شہرت حاصل کی تھی۔

