تہران: ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی اہم تنصیبات یا بنیادی ڈھانچے کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا تو اسے سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں اسرائیل کا وجود ہی خطرے میں پڑ جائے گا۔
کونسل کے سیکریٹری محمد باقر ذوالقدر کے مطابق ایران اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران مزید حملے برداشت نہیں کرے گا اور دوبارہ کسی کارروائی کی صورت میں اسرائیل کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل ممکنہ طور پر ایران کے خلاف نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

