سوات: ضلع سوات کے علاقے کبل میں تھانے کے قریب ایک خوفناک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 15 افراد شہید ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب خودکش حملہ آور نے تھانہ کبل کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کی شدت سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور جائے وقوعہ سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر برآمد ہو گیا ہے، جس کی مدد سے تحقیقاتی ٹیمیں حملہ آور کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ابتدائی شواہد کے مطابق حملہ آور کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جا سکے گی۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ جائے وقوعہ کو سیل کر کے فرانزک اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔
ابھی تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

