یومِ آزادی پر مسلح افواج کا قوم کے نام پیغام، دفاعِ وطن کے عزم کی تجدید

pakistan military leadership1786681472 0



راولپنڈی:

پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کے موقع پر مسلح افواج کی قیادت نے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

عسکری قیادت نے اس تاریخی دن کو قومی اتحاد، قربانیوں کی یاد اور پاکستان کے دفاع کے عزم کی تجدید کا موقع قرار دیاہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے افواجِ پاکستان کی جانب سے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔

مسلح افواج نے اس موقع پر بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، تحریکِ پاکستان کے قائدین اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے تمام افراد کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ انہی قربانیوں نے آزادی کی خواہش کو ایک خودمختار پاکستان کی حقیقت میں تبدیل کیا۔

عسکری قیادت نے واضح کیا کہ بانیانِ پاکستان کا وژن، جرات اور غیر متزلزل عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ یہی ورثہ پاکستانیوں کو ملک کے بنیادی اصولوں اور قومی نظریات پر قائم رہنے کی مسلسل ترغیب دیتا ہے۔

افواجِ پاکستان نے ملک کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خصوصی طور پر سلام پیش کیا۔ سابق فوجیوں کی خدمات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی محنت اور مختلف شعبوں میں وطن کی خدمت کرنے والے ہر پاکستانی کے کردار کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔

پیغام میں کہا گیا کہ ان افراد کی جرات، قربانی اور بے لوث خدمت نے پاکستان کو مشکلات کا مقابلہ کرنے کی قوت دی۔ ان کی خدمات نے ملک کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج نے مادرِ وطن کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کا غیر متزلزل عزم دہرایا۔ افواج نے آئین کی پاسداری اور پاکستانی عوام کی جانب سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری پوری کرنے کے عہد کی بھی تجدید کی۔

عسکری قیادت نے کہا کہ افواجِ پاکستان قوم کے ساتھ متحد رہتے ہوئے ملک میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔ ساتھ ہی ایسی فضا کے قیام کے لیے کردار ادا کیا جاتا رہے گا جو قومی ترقی، خوشحالی اور مضبوط مستقبل کے لیے سازگار ہو۔

یومِ آزادی کے پیغام میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں پوشیدہ ہے۔ قوم سے اپیل کی گئی کہ اس تاریخی دن پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے دائمی اصولوں سے وابستگی کی تجدید کی جائے۔

مسلح افواج نے قومی یکجہتی مزید مضبوط بنانے، معاشرے میں برداشت کو فروغ دینے اور محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔

پیغام کے اختتام پر افواجِ پاکستان نے قومی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے  پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ