
(24 نیوز )جاپان کے مشرقی علاقوں میں ریکارڈ توڑ بارشوں کے باعث شدید سیلاب نے نظامِ زندگی مفلوج کردیا، مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 7 ہزار مسافر ٹوکیو کے ناریٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رات بھر پھنسے رہے۔
چِبا پریفیکچر شدید بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں کئی علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 367 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو اکتوبر 2013 میں قائم 309 ملی میٹر کے سابقہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے۔ بعض مقامات پر ایک گھنٹے کے دوران تقریباً 115 ملی میٹر بارش ہوئی۔
جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص بھی شامل ہے جو سیلابی پانی میں ڈوبی گاڑی میں پھنس گیا تھا۔ چِبا کے گورنر توشیتو کُماگائی نے صورتحال کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماضی میں کئی آفات کا سامنا کیا ہے لیکن اس نوعیت کی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
شدید سیلاب کے باعث ناریٹا ایئرپورٹ کے اطراف سڑکیں اور ریلوے لائنیں زیرِ آب آگئیں یا سروس معطل ہوگئی، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔ مسافروں کو ٹرمینل کے اندر کمبل، پانی اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی گئیں۔
بارش کے باعث 20 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ تقریباً 13 ہزار گھروں کی گیس سپلائی بھی عارضی طور پر معطل رہی۔ متعدد شاہراہیں بند اور کئی ٹرین سروسز معطل ہوئیں، تاہم ناریٹا سے ٹوکیو جانے والی بعض ٹرینیں دوبارہ چلنے سے سفری مشکلات میں کچھ کمی آئی۔
یہ بھی پڑھیں :سعودی ولی عہد کی پاکستانی عوام کیلئے یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام

