اقتصادی رابطہ کمیٹی  نے پی ٹی وی کیلیے 13 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی

1703950 ptv 1560500548



اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کیلیے مالی سال 2026-27 کے دوران 13 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری دیدی۔

ای سی سی نے سرکاری فنڈزکے حصول کیلیے مختلف اداروں اور تنظیموں کی جانب سے بروقت بجٹ مختص نہ کرنے اور بعد ازاں وزارت خزانہ سے اضافی فنڈز طلب کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کااظہارکیا۔ کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ پی ٹی وی سمیت متعلقہ اداروں کے مالی خودانحصاری کیلیے جامع روڈ میپ تیارکرکے ستمبر 2026 کے اختتام تک ای سی سی میں پیش کیاجائے۔

اجلاس میں پی ٹی وی کیلیے لائسنس فیس وصولی کامؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز بھی دی گئی، تاکہ ادارہ اپنے لیے مستقل آمدن پیداکرسکے اور بار بار سرکاری اور آف بجٹ فنڈنگ پر انحصارکاسلسلہ ختم کیاجاسکے۔ای سی سی میں اس امرکی بھی نشاندہی کی گئی کہ پی ٹی وی میں افرادی قوت کی تعداد دیگر بڑے نجی نیوزچینلزکے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں ادارے کی آمدن اس تناسب سے نہیں ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے مؤقف اختیار کیاکہ پی ٹی وی کاجغرافیائی دائرہ کار نجی چینلزکے مقابلے میں کہیں زیادہ وسیع ہے، کیونکہ پی ٹی وی ملک بھرمیں نشریاتی خدمات فراہم کرتاہے، جس کے باعث انسانی وسائل اور آپریشنل اخراجات بھی زیادہ ہیں۔اجلاس میں بعض ارکان نے تجویز دی کہ پی ٹی وی کی بحالی اور آمدن میں اضافے کیلیے ڈرامہ اور پرفارمنگ آرٹس کے معیاری موادکی تیاری پر زیادہ توجہ دی جائے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے ای سی سی کو بریفنگ میں بتایاکہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت کام کرنیوالا قومی پبلک سروس براڈکاسٹر ہے اور رولز آف بزنس 1973 کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات کے انتظامی کنٹرول میں ہے۔ پی ٹی وی قومی یکجہتی اورملکی ترقی میں کردار اداکرنے کے ساتھ ثقافتی تنوع کو اجاگرکرتاہے۔

وزارت کے مطابق پی ٹی وی کوملک بھر میں بلا تعطل نشریات جاری رکھنے کیلیے تنخواہوں اور الاؤنسز،بجلی ودیگر یوٹیلیٹی بلز،سیٹلائٹ اور ٹرانسمیشن اخراجات، پروگراموں کی تیاری، سیکیورٹی، ادائیگیوں اور ضروری اخراجات کی مدمیں بھاری اور مسلسل مالی وسائل درکار ہوتے ہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے مالی سال 2026-27 کیلیے پی ٹی وی کے حق میں 20 ارب کی رقم طلب کی تھی، تاہم وزارت خزانہ نے 13 ارب روپے کی منظوری دیتے ہوئے یہ رقم سہ ماہی بنیادوں پر 3۔25 ارب روپے فی سہ ماہی جاری کرنے کافیصلہ کیا۔

وزارت خزانہ نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ 13 ارب روپے کیلیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری پیش کی جائے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ