انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اپیلز پینل نے جمعرات کو پاکستان کے قذافی سٹیڈیم کی پچ پر عائد ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا۔
لاہور کی اس پچ کو جون میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے غیر تسلی بخش قرار دیے جانے کے بعد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
تاہم آئی سی سی کا اب کہنا ہے کہ اپیلز پینل نے میچ کی ویڈیو، میچ ریفری کی رپورٹ اور دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے ریمارکس کا جائزہ لینے کے بعد یہ پابندی واپس لے لی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پینل نے نتیجہ اخذ کیا کہ ’پچ پر حد سے زیادہ غیر ہمواری یا سپن کا مظاہرہ نہیں ہوا۔‘
سری لنکا سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری گریم لابروئے کا خیال تھا کہ پچ ایک روزہ میچ کے لیے موزوں نہیں تھی اور بلے بازوں کو رنز بنانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ پچ سست اور گیند کے نیچی رہنے والی تھی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئی سی سی کی جانب سے پچ سے متعلق عائد کی گئی سزا کو ختم کرانے میں کامیاب ہوا ہو۔
پی سی بی نے اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے لیے راول پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی کامیابی سے ختم کرایا تھا۔ یہ ٹیسٹ انگلینڈ نے 74 رنز سے جیتا تھا۔
ایک الگ معاملے میں ٹورنٹو کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رہیں گے کیونکہ اپیلز پینل نے میچ ریفری کے اس فیصلے کو برقرار رکھا کہ 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں استعمال ہونے والی پچ ’ناقابل استعمال‘ تھی۔

