
(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش میں حکمران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔
78 سالہ مرزا فخر الاسلام نے پارلیمانی ووٹنگ میں ریٹائرڈ آرمی کرنل اور اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔
رواں سال 12 فروری کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بی این پی اور اس کے اتحادیوں کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے،مرزا فخر الاسلام عالمگیر 2016 سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے دور حکومت میں انہیں متعدد مرتبہ گرفتاری اور مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑاتھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر امریکی اقتصادی پابندیوں کا اعلان ،عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے عہدہ چھوڑنے کے بعد کرایا گیاجنہوں نے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل ہونے سے قبل خرابیِ صحت کے باعث گزشتہ ماہ استعفیٰ دے دیا تھا۔
بنگلہ دیش میں صدر کا عہدہ زیادہ تر رسمی نوعیت کا ہے، نئے صدر سربراہِ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف ہوں گے، جبکہ ملک کے انتظامی اختیارات وزیراعظم اور کابینہ کے پاس رہیں گے۔

