پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت: وزیراعظم کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس، سیکریٹری صحت معطل

IMG 20260826 232846


اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران کی مبینہ غفلت پر وزیراعظم نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے اجلاس سے چلے جانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی، جس کے سربراہ سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان ہوں گے، جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان شامل ہیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز (نمبر 310/2026) کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے معصوم نومولود بچوں کے والدین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’اس اندوہناک واقعے پر دل رنجیدہ ہے، ہم والدین کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔‘‘
پریس ریلیز کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات تجویز کیے جا سکیں۔

متعلقہ پوسٹ