امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات کو برآمدات کے لیے خصوصی سہولتوں اور رعایت حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے متحدہ عرب امارات کو برآمدی ضوابط میں نمایاں رعایت دیتے ہوئے اسے ایکسپورٹ ایڈمنسٹریشن ریگولیشنز کے تحت کنٹری گروپ اے-5 میں شامل کر دیا۔
امریکی محکمہ تجارت کے بیورو آف انڈسٹری اینڈ سیکیورٹی نے بتایا کہ نئی درجہ بندی کے تحت متحدہ عرب امارات کی حکومت اور منظور شدہ تجارتی ادارے اسٹریٹجک ٹریڈ آتھرائزیشن کے تحت متعدد اہل مصنوعات انفرادی برآمدی لائسنس کے بغیر درآمد کرسکیں گے بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط اور امریکی برآمدی قوانین کی مکمل پابندی کریں۔
امریکی فیصلے کے بعد یو اے ای جدید امریکی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت چپس، بعض فوجی سازوسامان، تجارتی سیٹلائٹس، خلائی ٹیکنالوجی اور دوہرے استعمال کی متعدد اشیا تک پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان رسائی حاصل کرسکے گا۔

