واشنگٹن: امریکی وزارتِ تعلیم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ایک ایسی ویڈیو اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کردی جسے صارفین نے ٹرمپ کا نازی رہنما ایڈولف ہٹلر سے موازنہ قرار دیا۔ تنازع اٹھنے کے بعد وزارت نے یہ پوسٹ کچھ ہی دیر میں حذف کردی۔
العربیہ کے مطابق وزارتِ تعلیم کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر 2017 کی فلم ڈارکیسٹ آور کا ایک منظر شیئر کیا گیا تھا، جس میں ونسٹن چرچل کا کردار ادا کرنے والے اداکار گیری اولڈمین یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ ایسے شیر سے مذاکرات نہیں کیے جاسکتے جس کے منہ میں آپ کا سر ہو۔
اس کے فوراً بعد ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مختلف مناظر شامل کیے گئے تھے۔ وزارت نے ویڈیو کے ساتھ ایسی عبارت بھی لکھی جس میں ٹرمپ کی قیادت کو سراہا گیا تھا۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ فلم میں چرچل جس ’’شیر‘‘ کا ذکر کررہے تھے، اس سے مراد نازی رہنما ایڈولف ہٹلر تھا۔ اس لیے چرچل کے اس بیان کے فوراً بعد ٹرمپ کی ویڈیو دکھائے جانے کو صدر کا ہٹلر سے موازنہ سمجھا جاسکتا ہے۔
اس معاملے پر ایکس پر شدید تنقید شروع ہوگئی۔ پلیٹ فارم نے بھی پوسٹ پر ایک نوٹ شامل کیا جس میں فلم کے منظر کا مکمل پس منظر بیان کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ چرچل کے بیان میں ہٹلر کا حوالہ تھا۔
تنازع بڑھنے کے بعد امریکی وزارتِ تعلیم نے اپنی پوسٹ حذف کردی۔ حکام کے مطابق ایک ملازم نے فلم کا یہ کلپ اس کے تاریخی سیاق و سباق سے مکمل طور پر واقف ہوئے بغیر استعمال کیا تھا۔
The U.S. Education Department deleted a video that unintentionally appeared to compare Trump to Hitler.
Officials said a staffer used a trending Darkest Hour clip without understanding its historical context.pic.twitter.com/lePUQtA00C
— Clash Report (@clashreport) August 27, 2026
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے مواد، خصوصاً متنازع ویڈیوز اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد، پہلے ہی تنقید کا سامنا کررہا ہے۔

