ایران کی امریکہ کو سخت دھمکی، محسن رضائی کا نیتن یاہو کو جہنم بھیجنے کا انتباہ


تہران — ایران کی سپریم نیشنل سکیوریٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ تہران پر امریکی دباؤ جاری رہنے کی صورت میں کہیں زیادہ سنگین محاذ آرائی شروع ہوسکتی ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی IRIB کے مطابق، رضائی نے "المنار” کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر ناکہ بندی برقرار رہی تو ایران بھرپور جواب دے گا، اور اسرائیل کے ساتھ دوبارہ جنگ چھڑی تو وہ گزشتہ تنازعات سے مختلف ہوگی۔
رضائی نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامین نیتن یاہو کو براہِ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا، "ہم صہیونی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو کو جہنم میں بھیج دیں گے۔” انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیٹے کے مبینہ قتل کی سازش سے متعلق ایران کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلائیں، جس سے ٹرمپ کی فیصلہ سازی متاثر ہوئی۔
لبنان کے حوالے سے رضائی نے کہا کہ ضاحیہ اور بیروت ایران کی "سرخ لکیریں” ہیں اور اسرائیل کو لبنان کے زیر قبضہ علاقوں سے انخلا پر مجبور ہونا پڑے گا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر امریکی معاشی دباؤ اور ناکہ بندی جاری رہی تو ایران خطے میں امریکی معاشی مفادات کو "۱۰۰ فیصد شدت اور طاقت” کے ساتھ نشانہ بنائے گا۔ رضائی کے مطابق جنگ بندی کے دوران ایران نے ۷ سے ۸ کروڑ بیرل تیل برآمد کیا اور بحری ناکہ بندی توڑنے میں کامیاب رہا۔

متعلقہ پوسٹ