چلتی گاڑی میں مداحوں کی آواز سن کر عاطف اسلم بھی گنگنانے لگے، دلچسپ ویڈیو وائرل
عاطف اسلم نے چلتی گاڑی سے مداحوں کے ساتھ گانا گا کر سب کو حیران کردیا
پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کی مداحوں کے ساتھ چلتی گاڑی میں گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاطف اسلم اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک سیاہ رنگ کی گاڑی میں سفر کر رہے ہیں۔
اسی دوران ایک دوسری گاڑی عاطف اسلم کی گاڑی کے قریب آتی ہے جس میں موجود مداح ویڈیو بناتے ہوئے گلوکار کا مقبول گانا ’’دوری‘‘ گانا شروع کردیتے ہیں۔
مداحوں کو اپنے مشہور گانے کے بول گاتے دیکھ کر عاطف اسلم بھی خوشگوار انداز میں ان کا ساتھ دیتے ہیں۔ گلوکار گاڑی کی سن روف سے باہر آکر مداحوں کے ساتھ ’’دوری‘‘ گاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
عاطف اسلم کا مداحوں کے ساتھ یہ بے تکلف انداز سوشل میڈیا صارفین کو خوب پسند آرہا ہے جبکہ ویڈیو پر مداح گلوکار کی سادگی اور اپنے چاہنے والوں کے ساتھ اس خوبصورت انداز میں گھل مل جانے کو سراہا رہے ہیں۔

