وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ


اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ وہ ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وہ کرغزستان کے صدر صادر جاپاروف سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تجارت، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی گفتگو ہوگی۔
وفاقی وزراء جام کمال خان، علیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔

متعلقہ پوسٹ