راولپنڈی:
کراچی میں دہلی گورنمنٹ اسکول کا گرلز کیمپس دوبارہ کھول دیا گیا ہے جہاں ایک روز کے تعطل کے بعد طالبات کی تدریس بحال ہوگئی۔
طالبات کلاسز میں پہنچ گئیں جبکہ اساتذہ تدریسی عمل میں مصروف ہیں، تاہم حاضری معمول سے کم ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب دہلی بوائز اسکول کو متعلقہ فریق کی جانب سے رضامندی نہ ملنے کے باعث ایک ہفتے کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
پرنسپل علی خان میر جٹ کے مطابق بوائز کیمپس کا کنٹرول متعلقہ فریق نے سنبھال لیا ہے اور طلبہ کو ایک ہفتے کی چھٹی دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر محکمہ تعلیم کی جانب سے ہدایت دی گئی تو طلبہ کو عارضی طور پر گرلز کیمپس میں منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اسکول میں طلبہ کی تعداد تقریباً 700 جبکہ طالبات کی تعداد 2200 ہے۔
ادھر گرلز اسکول کی پرنسپل عرفانہ کا کہنا ہے کہ اسکول عمارت عارضی طور پر کچھ روز کیلئے فراہم کی گئی ہے جبکہ اس کیس کی آئندہ سماعت 7 ستمبر کو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بوائز اسکول کے طلبہ اپنے کیمپس کے باہر موجود ہیں تاہم ان کی تدریس کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔

