
(ویب ڈیسک)فلپائن میں ایک جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے سیلابی پانی میں شادی کر لی۔
منیلا میں واقع سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ میں پانی بھر جانے کے باوجود لیان لیزا گالانگ سفید عروسی لباس زیب تن کیے اور سفید پھولوں کا گلدستہ تھامے احتیاط سے سیلابی پانی میں سے گزرتے ہوئے چرچ پہنچیں جہاں ان کی گلبرٹ چیکو سے شادی ہوئی۔
دولہا گلبرٹ چیکو کاکہناہے کہ دونوں نے شادی کی مکمل تیاری کی تھی اور ہمیں اس بات کی پرواہ نہیں تھی کہ گاؤن اور کوٹ بھیگ جائے گا۔
چرچ کے پادری نے اس موقع پرمختصر تقریب میں دونوں کو میاں بیوی قرار دیا، شادی میں 15 سے بھی کم افراد شریک تھے۔
رپورٹس کے مطابق چرچ انتظامیہ نے بڑھتے ہوئے سیلاب کے باعث جوڑے کو شادی مؤخر کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم دونوں نے تقریب جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، چرچ تقریباً 1 ماہ سے جزوی طور پر سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا تھا، چونکہ جوڑا شادی ہر صورت مکمل کرنا چاہتا تھا، اس لیے چرچ کے عملے نے اس دن کو ان کے لیے یادگار بنانے کی پوری کوشش کی۔
واضح رہے کہ فلپائن میں اگست کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کے باعث ملک کے شمالی حصے میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب سے 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

