ایران نے بازی مار لی، ٹرمپ جنگ ختم کرنے پر غور کرنے لگے، امریکی میڈیا
دوسری جانب پینٹاگون مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تعیناتیوں کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کر چکا ہے
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے سینئر معاونین کے ساتھ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کے اعلان کے امکان پر نجی طور پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ جنگ ختم کرنے کے حق میں دکھائی دے رہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ایران پر مسلسل شدید معاشی دباؤ ڈال کر تہران کو اپنے جوہری پروگرام کے خاتمے یا شدید معاشی بحران میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔
امریکا نے گزشتہ ہفتے آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ بھی شروع کیا جس کے تحت ایران کے اہم معاشی شعبوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جن میں تیل، بحری تجارت، ہوا بازی، سونا، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثے شامل ہیں۔
لیکن کہانی میں نیا موڑ یہ ہے کہ دوسری جانب پینٹاگون مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تعیناتیوں کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کر چکا ہے۔
یعنی ایک طرف واشنگٹن میں جنگ ختم کرنے پر غور جاری ہے، جبکہ دوسری طرف خطے میں امریکی فوجی موجودگی برقرار رکھنے اور ایران پر معاشی و عسکری دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی بھی جاری ہے۔
تاہم جنگ کے باضابطہ خاتمے اور امریکی فوجی تعیناتیوں کے مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔

