
(24 نیوز)امریکا میں ایندھن کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، جہاں ڈیزل کی اوسط قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ کر 5.85 ڈالر فی گیلن ہوگئی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا بھر میں پیٹرول کی اوسط قیمت بھی بڑھ کر 4.15 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں پیٹرول تقریباً 3.20 ڈالر فی گیلن میں فروخت ہورہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث عالمی سطح پر ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے سے امریکا میں قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی دباؤ پڑ سکتا ہے۔
ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے باعث آن لائن آرڈرز اور ڈاک کے ذریعے بھیجی جانے والی اشیا پر اضافی فیس عائد کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے دوران مہنگائی اور معیشت ووٹرز کے لیے اہم ترین مسائل میں شامل رہنے کا امکان ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتیں اور گھریلو اخراجات سیاسی جماعتوں کے لیے بھی ایک اہم انتخابی موضوع بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :نویں جماعت کے 7 لاکھ 53 ہزار 813 طلبہ و طالبات ناکام ہوگئے

