ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز کے نئے ماڈلز 9 ستمبر کو متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
اس سال کے ایونٹ میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون 18 ائیر 2 کو متعارف نہیں کرایا جائے گا بلکہ آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو پیش کیا جائے گا۔
مگر ایونٹ سے ایک دن پہلے پرو ماڈلز کے ڈیزائن کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔
اس فوٹیج سے یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ آئی فون 18 پرو ماڈلز 4 رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔
ڈارک چیری، بلیک، اسکائی بلیو اور سلور رنگوں میں یہ دونوں ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔
دیکھنے میں آئی فون 18 پرو ماڈلز گزشتہ سال کے 17 پرو ماڈلز سے ہی ملتے جلتے نظر آتے ہیں۔
دونوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی گئی، البتہ کیمرا سسٹم کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
یعنی اس سال کی سب سے بڑی تبدیلی آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس کے کیمرا سسٹم میں کی جا رہی ہے۔
دونوں ماڈلز کے بیک پر نیا مین کیمرا ویری ایبل آپرچر ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا جس سے صارفین کو فوٹوگرافی پر زیادہ کنٹرول مل سکے گا۔
دونوں فونز میں ایپل کے نئے اے 20 پرو پراسیسر اور موڈیم کو استعمال کیا جائے گا۔
اسی طرح پہلے سے زیادہ بڑی بیٹریز سے بیٹری لائف گزشتہ سال کے ماڈل سے زیادہ بہتر بنائی جائے گی۔
یہ ایپل کی تاریخ کا پہلا سال ہے جب سب سے کم قمت نئے آئی فون کی قیمت ہی لوگوں کو دنگ کر دے گی۔
اس سال 9 ستمبر کے ایونٹ میں جو نیا آئی فون سب سے کم قیمت ہوگا وہ آئی فون 18 پرو ہوگا۔
آئی فون 18 پرو کی کم از کم قیمت 1099 ڈالرز (3 لاکھ 4 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی، وہ بھی اگر کمپنی کی جانب سے ریم کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔
مختلف رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی کی جانب سے آئی فونز ماڈلز کی قیمتوں میں کم از کم 100 ڈالرز کا اضافہ کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ایپل کی جانب سے پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز سے زائد ہوگئی تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس سال ایپل کے فلیگ شپ فونز سب سے زیادہ مہنگے ہوں گے۔


