شہباز شریف کی اطالوی سفیر سے ملاقات، پاکستان اٹلی تعلقات میں مزید وسعت کا عزم
اطالوی سفیر یوگو سیارلاتانی نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر یوگو سیارلاتانی نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہونے والی سابقہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔
اطالوی سفیر یوگو سیارلاتانی نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے قریبی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ زراعت، آئی ٹی اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

