
(اویس کیانی)وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے انقرہ میں منعقدہ پہلی مسلم ڈائسپورا کانفرنس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مسلم ڈائسپورا کے درمیان تعاون، روابط اور باہمی اشتراک کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں، جو اپنی محنت، صلاحیتوں اور مثبت کردار کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق، عزت، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے، حکومت کی ترجیحات میں او آئی سی ممالک میں ہنرمند اور نیم ہنرمند پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا بھی شامل ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہنر پر مبنی افرادی قوت اور محفوظ نقل و حرکت کے ذریعے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، اس سلسلے میں مسلم ممالک کے درمیان تعاون اور روابط کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ مسلم ممالک کے درمیان عوامی روابط اور معاشی تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہوگا، تاکہ باہمی ترقی کے نئے راستے کھولے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایک لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر کتنا ٹیکس عائد ؟ تفصیلات سامنے آگئیں
انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو میزبان ممالک اور پاکستان، دونوں کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

