سندھ اسمبلی نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان، جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی ارکان نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قائداعظم کی تاریخی قیادت میں پاکستان کے لیے جدوجہد کی گئی، قیام پاکستان کے لیے قائد اعظم کی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر پی پی پی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح عظیم رہنما اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے امید کی کرن تھے، انہوں نے اپنی بصیرت، اصول پسندی اور ان تھک جدوجہد سے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا، قائداعظم محمد علی جناح کا اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا پیغام آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے تصور پاکستان میں جمہوریت، آئین کی بالادستی، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کو بنیادی حیثیت حاصل تھی، ہمیں قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ایک مضبوط، جمہوری اور خوش حال پاکستان کی تعمیر کرنی ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قومی خدمات اور لازوال جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کا یوم وفات ہمیں ان کے افکار و نظریات پر عمل کرنے اور پاکستان کو ان کے خوابوں کی حقیقی تعبیر بنانے کا عہد یاد دلاتا ہے۔
Source link

