چارسدہ پولیس کی کارروائی؛ اسلحے کی نوک پر اغوا لڑکی ہنگو سے بازیاب، خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار

031789329418 0



خیبرپختونخو کے علاقے چارسدہ کی سرڈھیری پولیس نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کی نوک پر اغوا ہونے والی 16 سالہ لڑکی کو ضلع ہنگو سے بحفاظت بازیاب کرلیا اور کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) چارسدہ رفعت اللہ خان نے سٹی پولیس اسٹیشن میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 10 ستمبر 2026 کو تھانہ سرڈھیری پولیس کو ایک کم عمر لڑکی کے اسلحے کی نوک پر اغوا ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر مقدمہ درج کرکے فوری طور پر تفتیش کا آغاز کیا گیا۔

ڈی پی او چارسدہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مغویہ کی بحفاظت بازیابی کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، جن کی نگرانی وہ خود کر رہے تھے، ٹیموں میں ایس پی انویسٹی گیشن چارسدہ عال مزیب خان، ڈی ایس پی سرڈھیری بلال حلیم، ایس ایچ او سرڈھیری یاسین خان، سی آئی او سرڈھیری سمیت دیگر پولیس افسران شامل تھے۔

انہوں نے بپولیس ٹیموں کو مختلف علاقوں میں روانہ کیا گیا، ایک ٹیم نے ضلع مردان، دوسری نے راولپنڈی اور گوجر خان، تیسری نے پشاور، چوتھی ٹیم نے ٹل، دوآبہ اور ہنگو کے علاقوں میں کارروائی کی، پانچویں ٹیم تکنیکی امور پر مامور تھی، جس نے 100 سے زائد موبائل نمبرز کا ڈیٹا اور سی ڈی آر حاصل کرکے باریک بینی سے تجزیہ کیا۔

ڈی پی او چارسدہ کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ واقعہ دونوں خاندانوں کے درمیان رشتے کے تنازع کے پس منظر میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے پہلے لڑکی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم انکار کے بعد مبینہ طور پر اسی لڑکی کو اسلحے کے زور پر گھر سے زبردستی اغوا کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ چارسدہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، مسلسل تعاقب اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے مغویہ کا سراغ لگایا اور بالآخر اسے ضلع ہنگو سے بحفاظت بازیاب کرلیا۔

 کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں ایک خاتون سمیت دو مرد شوکت ایاز اور ریاض خانزادہ شامل ہیں اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان نے کہا کہ چارسدہ پولیس عوام بالخصوص خواتین کی جان، عزت اور آبرو کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، کسی بھی جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



Source link

متعلقہ پوسٹ