پیٹرول پمپ مالکان کے تحفظات ختم، فیول ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع

5 3.webp


حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز و پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان فیول ریلیف پیکج پر جاری ڈیڈلاک ختم ہوگیا اہم مذاکرات کے بعد معاملات طے پا گئے اور پیٹرولیم ڈیلرز نے ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع کردیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان فیول ریلیف پیکج کی ادائیگی کے طریقہ کار پر اتفاق رائے ہوا۔ پی پی ڈی اے کے مطابق حکومت نے ادائیگیوں کا نوٹیفکیشن جلد جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق ریلیف کی رقم اسٹیٹ بینک کے ذریعے ڈیلرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی اور ادائیگی 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر مکمل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ حکومت ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کرے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے آئندہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد فیول ریلیف پیکج پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہوگئی۔

اہم اجلاس میں پی پی ڈی اے کی قیادت نے شرکت کی۔ ملک خدا بخش، طارق حسن، انور کمال اور ملک شیر خان اجلاس میں موجود تھے، جبکہ پی پی ڈی اے سندھ کے صدر امیر خان نے زوم لنک کے ذریعے شرکت کی۔ پی پی ڈی اے پنجاب کے وائس چیئرمین راجہ وسیم بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

دوسری جانب حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مذاکرات کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان کے تمام اہم تحفظات دور کردیئے گئے ہیں۔

نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ مالکان کو وزیراعظم کی فیول سبسڈی اسکیم پر کوئی اعتراض نہیں تھا بلکہ اصل تحفظات سبسڈی کی رقم کی واپسی کے طریقہ کار سے متعلق تھے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے سبسڈی کی رقم 24 گھنٹے میں واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ادائیگی اسٹیٹ بینک کے ذریعے ہوگی۔ ان کے مطابق سبسڈی کی رقم اسٹیٹ بینک تک پہنچ چکی ہے۔

وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ اگر 24 گھنٹوں میں سبسڈی کی رقم واپس نہ آئی تو حکومت ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر مسئلے کو حل کرے گی۔

ان کے مطابق سبسڈی کی ادائیگی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے حکومت نے ایک پورٹل بھی قائم کردیا ہے، جبکہ وزارت پٹرولیم، سیکریٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری خزانہ نے ادائیگی کے طریقہ کار کی تصدیق کردی ہے۔

نعمان علی بٹ نے واضح کیا کہ پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن فیول سبسڈی پروگرام کو پہلے ہی خوش آئند قرار دے چکی ہے اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد سبسڈی کی رقم کی واپسی کے میکنزم پر موجود تمام تحفظات بھی ختم ہوگئے ہیں۔

حکومت اور پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان اتفاق رائے کے بعد فیول ریلیف پیکج پر عملدرآمد کا راستہ صاف ہوگیا ہے اور پیٹرولیم ڈیلرز نے بھی اسکیم پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ