لندن — امریکی اداکارہ سڈنی سوینی کے اسپورٹس بیٹنگ پلیٹ فارم Novig کے لیے بنائے گئے نئے اشتہار نے دنیا بھر کی خواتین کھلاڑیوں میں شدید ردعمل پیدا کر دیا۔ اشتہار میں سوینی کو ٹینس، گالف، بیس بال اور آئس ہاکی جیسے کھیلوں کے سامان کے ساتھ انتہائی کم لباس میں دکھایا گیا۔
سابق امریکی جمناسٹ گریسی کریمر نے اپنی کارکردگی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا: "یہ ہے کھیل میں عورت کی اصل تصویر۔” اس کے بعد سیکڑوں خواتین کھلاڑیوں نے اپنی ٹریننگ اور کامیابیوں کی ویڈیوز اسی پیغام کے ساتھ شیئر کرنا شروع کر دیں۔
برطانوی اسپرنٹر ایمی ہنٹ نے براہ راست بی بی سی کیمرے کے سامنے کہا: "سڈنی سوینی، خواتین کے کھیل کی حقیقت یہ ہے — پٹھے، محنت، پسینہ، خون اور آنسو۔” اولمپک گولڈ میڈلسٹ آرین ٹِٹس اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی سوال اٹھایا کہ خواتین کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے جسم کو جنسی انداز میں پیش کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
سوینی نے اشتہار کا دفاع کرتے ہوئے اسے "مزاحیہ خیال” قرار دیا اور Novig کے سی ای او نے بھی اسے کمپنی کی تخلیقی حکمتِ عملی بتایا۔ واضح رہے سوینی خود Novig میں شراکت دار اور حصہ دار ہیں۔

