نیل آرمسٹرانگ کا بچپن کا گھر ۴؍ کروڑ روپے میں فروخت کے لیے پیش

moon 081026 d


واپاکونیٹا، اوہائیو (انٹرنیشنل ڈیسک) — چاند پر قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے انسان امریکی خلا باز نیل آرمسٹرانگ کے بچپن کا تاریخی گھر تقریباً چار دہائیوں بعد پہلی مرتبہ فروخت کے لیے مارکیٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ امریکی ریاست اوہائیو کے شہر واپاکونیٹا میں 601 ویسٹ بینٹن اسٹریٹ پر واقع اس مکان کی قیمت ۴؍ لاکھ ۳۰؍ ہزار امریکی ڈالر (تقریباً ۴؍ کروڑ روپے) مقرر کی گئی ہے۔
آرمسٹرانگ خاندان ۱۹۴۴ء میں اس گھر میں منتقل ہوا تھا، جب نیل آرمسٹرانگ کم عمر تھے۔ اس سے قبل والد کی سرکاری ملازمت کے باعث خاندان متعدد شہروں میں منتقل ہوتا رہا۔ اسی گھر میں نیل آرمسٹرانگ نے بالسا لکڑی سے ماڈل طیارے تیار کیے، کھانے کے کمرے میں ان پر کام کیا اور تہہ خانے میں ایک چھوٹی سی ونڈ ٹنل بنا کر اپنے ڈیزائن آزمائے۔ وہ اکثر سائیکل پر قریبی ہوائی پٹی جاتے، جہاں پرواز کی تربیت حاصل کرتے تھے۔
صرف ۱۶؍ برس کی عمر میں انہوں نے پہلی تنہا پرواز مکمل کر کے پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا۔ تقریباً بیس برس بعد وہ خلا میں جانے والے امریکی خلابازوں میں شامل ہوئے اور ۲۰؍ جولائی ۱۹۶۹ء کو اپالو ۱۱ مشن کے دوران چاند پر قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے انسان بن گئے۔ ان کا تاریخی جملہ ’’That’s one small step for a man, one giant leap for mankind‘‘ آج بھی خلائی تاریخ کے اہم ترین اقوال میں شمار ہوتا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے سنسناٹی یونیورسٹی میں تدریسی خدمات بھی انجام دیں۔
گھر کی موجودہ مالک کیرن مائیکسل نے بتایا کہ انہوں نے یہ مکان ۱۹۸۸ء میں خریدا تھا، اس وقت انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ یہ نیل آرمسٹرانگ کا سابقہ گھر ہے۔ بعد میں ایک ساتھی استاد نے انہیں اس کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا، جس کے بعد انہوں نے گھر کو آرمسٹرانگ خاندان کے دور کے قریب ترین حالت میں محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق گزشتہ برسوں میں متعدد خلا باز اس گھر کی زیارت کے لیے آ چکے ہیں، جن میں بز ایلڈرن بھی شامل ہیں جو ۱۹۶۹ء میں آرمسٹرانگ کے ساتھ چاند پر اترنے والے دوسرے انسان تھے۔ مائیکسل کے مطابق جب ایلڈرن آرمسٹرانگ کے سابقہ کمرے میں داخل ہوئے تو ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں مختلف خلابازوں کے دستخط شدہ تصاویر، چاند کا ایک پتھر اور اپالو ۱۱ کیپسول کی سنہری حفاظتی تہہ کا ایک ٹکڑا بھی تحفے میں ملا، جو آج اس گھر کی یادگاروں کا حصہ ہیں۔

متعلقہ پوسٹ