چین کی ویمنز کرکٹ ٹیم بغیر ایک گیند کھیلے ایشین گیمز سے باہر

web pic 431789663941 0



ایشین گیمز میں چین کی ویمنز کرکٹ ٹیم کو عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، ٹیم ایک بھی گیند کھیلے بغیر کوارٹر فائنل سے باہر ہوگئی۔

جمعرات کو نِسّن کے کوروجی اسپورٹس پارک میں چین اور بنگلہ دیش کے درمیان کوارٹر فائنل میچ خراب فیلڈ کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ میدان کی صورتحال اتنی خراب تھی کہ ٹاس بھی نہ ہوسکا۔

ناک آؤٹ میچ ہونے کی وجہ سے ایک ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنا ضروری تھا۔ قوانین کے مطابق میچ بے نتیجہ ختم ہونے کی صورت میں آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں بہتر پوزیشن رکھنے والی ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچتی ہے۔

بنگلہ دیش ویمنز ٹی20 رینکنگ میں 10ویں نمبر پر ہے اور چین سے بہتر پوزیشن پر ہونے کے باعث اسے بغیر بیٹنگ یا بولنگ کیے سیمی فائنل میں جگہ مل گئی۔

چین کے لیے یہ خاص طور پر مایوس کن اختتام ہے۔ ٹیم نے مئی میں بارش سے متاثرہ کوالیفائر میں نیپال کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشین گیمز میں جگہ بنائی تھی۔ یہ چین کی خواتین کرکٹ ٹیم کی ایشین گیمز میں تیسری شرکت تھی، اس سے قبل وہ 2010 اور 2014 کے ایڈیشنز میں بھی شریک ہوچکی ہے۔

بنگلہ دیش اب 20 ستمبر کو سیمی فائنل میں بھارت اور میزبان جاپان کے درمیان کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم کا مقابلہ کرے گا جبکہ چین کی ٹیم ایشین گیمز سے بغیر ایک بھی گیند کا سامنا کیے واپس لوٹ جائے گی۔

 



Source link

متعلقہ پوسٹ