اسلام آباد،: امریکی سفارتخانے نے لنکن کارنر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں "اسٹیم بلڈر” تربیتی پروگرام کی تکمیل کا اعلان کیا، جس میں سو سے زائد شرکاء کو تھری ڈی پرنٹنگ، کوڈنگ اور ڈیجیٹل ماڈلنگ کی تربیت دی گئی۔
سفارتخانے کے بیان کے مطابق تقریب میں ملک بھر کے چھ لنکن کارنرز کے شرکاء شریک ہوئے۔ یہ پروگرام پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنی ایزکورپس کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں سفارتخانے کے قائم مقام منسٹر قونصلر برائے پبلک ڈپلومیسی ڈیوڈ موئر نے کہا: "اسٹیم بلڈر صرف ایک تربیتی پروگرام نہیں، بلکہ اس بات کا اظہار ہے کہ لنکن کارنرز ٹیکنالوجی، تخلیقی صلاحیت اور مواقع کے مراکز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔”
سفارتخانے کے "فریڈم 250” اقدام کے تحت شرکاء کے تیار کردہ دو تھری ڈی پرنٹڈ نمونے پیش کیے گئے: لبرٹی بیل اور امریکہ کا نقشہ۔ دونوں کو یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان (یوسیف پی) میں واقع لنکن کارنر اسلام آباد میں مستقل طور پر رکھا جائے گا۔
بیان کے مطابق ملک بھر میں 15 مقامات پر قائم لنکن کارنرز کا نیٹ ورک 2027 میں، جو پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کی 80ویں سالگرہ کا سال ہے، اسٹیم شعبوں میں مزید پروگرام منعقد کرے گا۔

