نیویارک (: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے درمیان نظریاتی اختلافات کے باوجود خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، جس نے سیاسی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی۔ ٹرمپ نے پیر کو میئر کی سرکاری رہائش گاہ ‘گریسی مینشن’ کا غیر معمولی دورہ کیا، جو گزشتہ 44 برسوں میں کسی امریکی صدر کا میئر کی سرکاری رہائش گاہ پر پہلا دورہ ہے۔
ملاقات میں رہائش کے بحران، تارکین وطن کے تحفظ، شہری ترقی اور آزادیٔ صحافت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممدانی نے ایک ریلوے یارڈ پر 12 ہزار رہائشی یونٹس پر مشتمل نئی آبادی کے منصوبے کی تجویز پیش کی، جس کے لیے وفاقی حکومت کی مدد درکار ہوگی۔ ممدانی نے امیگریشن کریک ڈاؤن اور عارضی امیگریشن حیثیت واپس لینے کے فیصلوں پر بھی اپنی مخالفت کا اظہار کیا۔
نیویارک میں پیدا ہونے والے ٹرمپ نے، اختلافات کے باوجود، ممدانی کو ایک بہترین میئر ثابت ہونے کی امید ظاہر کی۔ آزادیٔ صحافت کے سوال پر ممدانی نے کہا کہ وہ تمام صحافیوں کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے، جبکہ ٹرمپ نے میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے کا الزام دہرایا۔ ممدانی، جو ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہیں، اس ملاقات کے بعد سینیٹر برنی سینڈرز سے بھی ملاقات کریں گے۔

