وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے


نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے مختصر پاکستانی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم 25 ستمبر 2026 کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے ڈائیلاگ، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔
خطاب میں خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی و ثالثی کوششوں کے علاوہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشتگردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز جیسے اہم امور پر پاکستان کی ترجیحات بھی اجاگر کی جائیں گی۔
وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں جاری قبضے اور حق خودارادیت سے محرومی کے مسائل کی جانب عالمی برادری کی توجہ بھی مبذول کرائیں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم ترقی، موسمیاتی اقدامات اور دیگر اہم امور سے متعلق متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے، جبکہ مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

متعلقہ پوسٹ