ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ انتقال کر گئیں

news 1790572518 3822



news 1790572518 3822

(ویب ڈیسک)ملائیشیا کے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسمہ محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، ان کے انتقال کی تصدیق پیر کو مہاتیر محمد کے دفتر کی جانب سے کی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ریاستی خبر رساں ادارے برنامہ کا کہنا ہے سیتی حسمہ نے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں آخری سانس لی، ان کے بیٹے اور کاروباری شخصیت مخزانی مہاتیر نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی،فوری طور پر ان کی موت کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

سیتی حسمہ اور مہاتیر محمد کی ملاقات 1940 کی دہائی کے آخر میں سنگاپور میں میڈیکل کی تعلیم کے دوران ہوئی تھی،دونوں نے اگست میں اپنی شادی کی 70ویں سالگرہ منائی تھی،اس جوڑے کے سات بچے ہیں، جن میں مخزانی مہاتیر، سماجی کارکن مرینا مہاتیر اور سیاست دان مختارز مہاتیر شامل ہیں۔

سیتی حسمہ ملائیشیا کی عوام میں بھی ایک نمایاں شخصیت رہی ہیں،وہ خاص طور پر صحت عامہ، خاندانی منصوبہ بندی اور دیگر سماجی شعبوں سے متعلق امور کے لیے کام کرتی رہیں،عوامی سطح پر انہیں ایک سادہ مزاج اور خوش اخلاق شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔

ان کا انداز ان کے شوہر مہاتیر محمد کی نسبت، نسبتاً نرم سمجھا جاتا تھا،مہاتیر محمد نے ماضی میں اپنی سیاسی اور ذاتی کامیابیوں میں سیتی حسمہ کے کردار کو اہم قرار دیا تھا،انہوں نے خاص طور پر اس عزم کو سراہا تھا جس کے تحت سیتی حسمہ نے ایسے دور میں یونیورسٹی کی ڈگری حاصل کی جب نسلی ملائی خواتین کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا عام بات نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں:علیمہ خان اور ڈرائیور محمد امیر کی نظر بندی کے خلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ کے فریقین کو نوٹس

مہاتیر محمد، جن کی عمر 101 برس ہے، ملائیشیا کے سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں،انہوں نے دو ادوار میں مجموعی طور پر دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ملک کی قیادت کی،ان کا پہلا دور حکومت 1981 سے 2003 تک جاری رہا، جس دوران ملائیشیا میں تیز رفتار صنعتی اور معاشی ترقی ہوئی۔

مہاتیر 2018 میں ایک مرتبہ پھر وزیراعظم کے منصب پر واپس آئے،اس وقت وہ دنیا کے معمر ترین سربراہ حکومت بنے تھے، انہوں نے اپوزیشن اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم نجیب رزاق کو انتخابات میں شکست دی تھی، نجیب رزاق کا نام اربوں ڈالر کے ’ون ایم ڈی بی مالیاتی اسکینڈل‘ سے بھی منسلک رہا ہے۔

مہاتیر محمد کی دوسری وزارتِ عظمیٰ دو سال سے بھی کم عرصے تک جاری رہی، 2020 میں ان کے سیاسی اتحاد میں اختلافات اور اندرونی سیاسی کشمکش کے باعث حکومت ختم ہوگئی۔

مزید پڑھیں:بنکاک میں 300 ملی میٹر بارش،اہم شاہراہوں پر سیلاب آگیا ، 2 روزہ تعطیل کا اعلان

سیتی حسمہ کی وفات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مہاتیر محمد کی عمر 101 برس ہے اور یہ جوڑا ملائیشیا کی جدید سیاسی تاریخ میں طویل ازدواجی زندگی کے حوالے سے بھی نمایاں رہا ہے،سیتی حسمہ نے اپنے شوہر کے طویل سیاسی سفر کے دوران نہ صرف ان کی شریکِ حیات کے طور پر کردار ادا کیا بلکہ صحت اور سماجی بہبود سے متعلق معاملات میں بھی اپنی الگ شناخت قائم کی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ