تھائی لینڈ میں سیلاب سے 23 افراد ہلاک، 26 لاکھ سے زائد متاثر؛ اتر پردیش میں بھی 81 اموات

thai 290926 d


بنکاک: تھائی لینڈ میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 23 افراد ہلاک اور 29 صوبوں اور دارالحکومت بنکاک میں 26 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ آفات سے بچاؤ و تخفیف کی منگل صبح 6 بجے کی رپورٹ کے مطابق 167 اضلاع، 890 ذیلی اضلاع اور 5077 دیہاتوں میں سیلابی پانی موجود ہے، جس سے 9 لاکھ 40 ہزار 300 گھرانے متاثر ہوئے ہیں۔
محکمے کے مطابق 14 صوبوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی تھی، چھ صوبوں اور بنکاک میں مستحکم تھی جبکہ نو صوبوں میں کم ہو رہی تھی۔ بنکاک سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل رہا، جہاں کئی دنوں کی بارش نے سڑکوں اور رہائشی علاقوں کو زیر آب کر دیا۔ بارش تھمنے کے بعد مقامی حکام پانی کی نکاسی کر رہے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا نے ریاستی ریلیف کمشنر کے دفتر کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں 25 سے 27 ستمبر کے دوران کم از کم 81 افراد ہلاک اور 62 زخمی ہوئے۔ 2254 مکانات تباہ اور 154 جانور ہلاک ہوئے، جبکہ فصلوں کے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 48 گھنٹوں میں ریاست میں اوسطاً 66.5 ملی میٹر بارش ہوئی، جو معمول (7.6 ملی میٹر) سے 775 فیصد زیادہ ہے۔ ریاست کے 75 میں سے 56 اضلاع میں بہت زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی۔
میانمار نائو کے مطابق میانمار میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ جنوبی تننتھاری ریجن میں سیلاب کے دوران ایک درجن سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

متعلقہ پوسٹ