سنگاپور: اے آئی سے بنی جعلی مگرمچھ کی تصویر پر میانمار کے شہری پر فردِ جرم، 10 سال تک قید کا خدشہ

Inquilab 20260930 190419 0000 d


سنگاپور میں مصنوعی ذہانت سے بنی مگرمچھ کی جعلی تصویر پھیلانے پر میانمار کے 30 سالہ شہری یے لن (Ye Lin) پر 29 ستمبر کو غلط پیغام کی ترسیل اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ مجموعی طور پر انہیں 10 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
چارج شیٹ کے مطابق لن نے 20 اگست کو اپنے ساتھی من من او کو یہ تصویر بھیجی۔ اسی دوپہر قومی آبی ایجنسی پی یو بی (PUB) کو تصویر کے ساتھ مگرمچھ دیکھے جانے کی اطلاع ملی۔ حکام نے اسے کھارے پانی کا مگرمچھ سمجھا اور پانڈان ریزروائر میں آبی سرگرمیاں دو دن کے لیے معطل کر دیں۔ پی یو بی اور نیشنل پارکس بورڈ نے تلاش کی کارروائی کی اور انتباہی بورڈ لگائے۔ یہ واضح نہیں کہ تصویر پی یو بی تک کیسے پہنچی۔
21 اگست کو پی یو بی نے تصویر کے جعلی ہونے کی تصدیق کی اور پولیس میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد اگلے روز سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق لن نے جیمینائی (Gemini) سے تصویر بنائی تھی اور 21 اگست کو اسے ایپ کی ہسٹری سمیت ڈیلیٹ کر دیا، جو انصاف میں رکاوٹ کے الزام کی بنیاد بنا۔ پولیس نے کہا کہ جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔
غلط پیغام کے الزام میں 3 سال قید اور 10,000 سنگاپوری ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے، جبکہ انصاف میں رکاوٹ پر 7 سال تک قید ہو سکتی ہے۔ لن نے مترجم کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ وہ وکیل کے بغیر اعترافِ جرم کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہیں 5,000 سنگاپوری ڈالر کے مچلکے پر رہا کیا گیا اور اگلی پیشی 10 نومبر کو ہے۔ ٹیک راڈار کے مطابق جیمنی سے بنی تصاویر میں عموماً غیر مرئی واٹر مارک ہوتا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ اسے ہٹایا یا جانچا گیا تھا۔

متعلقہ پوسٹ