اسلام آباد (): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جواہرات و قیمتی پتھروں کے شعبے کی اصلاحات اور اسے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے قومی پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ رواں برس پالیسی فریم ورک میں شامل اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ قیمتی پتھروں کے ذخائر کا ترجیحی بنیادوں پر جیولوجیکل سروے کرایا جائے۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز اور سرٹیفکیشن نظام کے فوری نفاذ، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی اور رواں برس دو سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں جواہرات و قیمتی پتھروں کے ذخائر کا تخمینہ 450 ارب ڈالر ہے، تاہم برآمدات صرف 5.8 ملین ڈالر سالانہ ہیں۔ قومی پالیسی کے تحت پانچ برس میں برآمدات ایک ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

