اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشانِ امتیاز سے نواز دیا گیا

نشان امتیاز.webp


اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشانِ امتیاز سے نواز دیا گیا

پاکستانی ایک ایسی قوم ہے جو طاقت اور عزم کے ساتھ ہمدردی کے جذبات بھی رکھتی ہے، سیکرٹری جنرل

ایوانِ صدر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جہاں صدر آصف علی زرداری نے انہیں بین الاقوامی خدمات کے اعتراف میں نشانِ امتیاز سے نوازا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے انتونیو گوتریس کو اعلیٰ سول اعزاز ملنے پر مبارکباد دی جبکہ وہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم، وفاقی وزرا اور غیر ملکی سفرا بھی تقریب میں موجود تھے۔

نشانِ امتیاز ملنے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ اعلیٰ اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے حکومت پاکستان کا ممنون ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز اقوام متحدہ میں کام کرنے والے تمام افراد کی جانب سے قبول کرتا ہوں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور فراخ دلی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے عینی شاہد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا سامنا کرتے ہوئے پاکستانی قوم کے عزم، یکجہتی اور استقامت کے معترف ہیں۔

انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی دستوں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دستے اس عظیم قوم کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں۔

اپنی تقریر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ پاکستانی ایک ایسی قوم ہے جو طاقت اور عزم کے ساتھ ہمدردی کے جذبات بھی رکھتی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ