’پیٹرولیم مافیا نے مذاکرات یرغمال بنا لیے‘: کوپ 31 موسمیاتی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام

400131 727759016


ترکی کے شہر انطالیہ میں ہونے والے اقوامِ متحدہ کے ہنگامہ خیز موسمیاتی مذاکرات (کوپ 31) عالمی حدت کا سبب بننے والے فوسل فیولز (تیل، گیس اور کوئلہ) کا ذکر معاہدے میں شامل کرنے یا نہ کرنے پر شدید اختلافات کے باعث کسی جامع معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

مقررہ وقت سے 44 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہونے والی یہ کانفرنس موسمیاتی مذاکرات کی تاریخ کا طویل ترین اضافی دورانیہ ثابت ہوئی، جس میں چھوٹے معاملات پر پیش رفت تو ہوئی مگر مرکزی معاہدہ (کور ڈیسیژن) طے نہ پا سکا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

اس تعطل کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ہی پاناما کے وزیر ماحولیات خوان کارلوس ناوارو نے خبردار کیا تھا کہ ان مذاکرات کو ایک ’پیٹرولیم مافیا‘ نے یرغمال بنا رکھا ہے اور اس نظام میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔

فوسل فیولز کے ذکر پر دنیا دو حصوں میں بٹ گئی

کوپ 31 میں کسی بھی فیصلے کی منظوری کے لیے تقریباً متفقہ رائے ضروری ہوتی ہے، تاہم ترکی اور آسٹریلیا کی مشترکہ قیادت کی جانب سے پیش کردہ حتمی مسودے پر ممالک واضح طور پر تقسیم نظر آئے۔

 27 رکنی یورپی یونین، مارشل آئی لینڈز اور پاناما سمیت متعدد ممالک نے اس مسودے کو مسترد کر دیا کیونکہ اس میں ماحول کو آلودہ کرنے والے کوئلے، تیل اور گیس سے چھٹکارا پانے کا کوئی واضح مطالبہ شامل نہیں تھا۔

دوسری جانب روس سمیت کئی ممالک نے دستاویز سے فوسل فیولز کا ذکر خارج رکھنے کی بھرپور حمایت کی، جبکہ متعدد ممالک نے بادلِ نخواستہ اس مؤقف کے ساتھ سمجھوتہ کیا کہ کسی نہ کسی بات پر اتفاقِ رائے ہونا مکمل ناکامی سے بہتر ہے۔

یورپی یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے آئرلینڈ کے وزیرِ ماحولیات ڈارا او برائن نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’یہ ناقابلِ فہم ہے کہ ہمارے پاس ایک ایسا موسمیاتی معاہدہ ہو جس میں فوسل فیولز کا کوئی حوالہ ہی نہ ہو۔‘

ماحولیاتی تھنک ٹینک ’ای تھری جی‘ سے وابستہ ایلڈن میئر نے نشاندہی کی کہ 2023 کے دبئی اجلاس میں ’فوسل فیولز سے بتدریج دوری‘ پر اتفاق ہوا تھا، اور اگر تین سال بعد اس عزم کا اعادہ نہ کیا گیا تو یہ ایک بڑا دھچکا ہوگا۔

 کوپ 31 کے 10 صفحات پر مشتمل مجوزہ متن میں دبئی معاہدے کا محض سرسری حوالہ دیا گیا، لیکن ’فوسل‘، ’تیل‘، ’کوئلہ‘ یا ’بتدریج خاتمہ‘ جیسے کلیدی الفاظ مکمل طور پر غائب تھے۔

اجلاس میں کھلے مائیک کا واقعہ

اتوار کی سہ پہر حتمی اجلاس سے قبل کانفرنس کے شریک صدر اور ترک وزیرِ ماحولیات مراد قرم نے مذاکرات کاروں کو مسودے پر اعتراضات اٹھانے کے لیے محض تین گھنٹے کا وقت دیا، جس پر کئی وفود نے برہمی کا اظہار کیا۔

افریقی مذاکرات کاروں کے گروپ کے چیئرمین اینٹوی بواسیاکو اموا نے اجلاس میں شکوہ کیا، ’پوری عزت و احترام کے ساتھ جنابِ صدر، آپ نے افریقہ کے 54 ممالک کے گروپ اور میرے ملک گھانا کا احترام نہیں کیا۔‘

اس دوران اجلاس میں اس وقت شدید بدنظمی پھیل گئی جب کھلے مائیک پر مراد قرم کی آواز گونجی، جس میں وہ سٹیج پر کارروائی کے حوالے سے مشورہ دینے والے اقوامِ متحدہ کے موسمیاتی سربراہ سائمن سٹیل سے کہہ رہے تھے کہ ’بیٹھ جائیں۔‘

 مزید برآں، جمعے کو ختم ہونے والی کانفرنس کے دگنا اضافی وقت لینے کے باعث منتظمین کو یہ خدشہ بھی لاحق رہا کہ مندوبین کی واپسی کے سبب ہال میں کورم پورا نہیں رہے گا۔

متنازع ’کاربن کیپچر‘ اور بجلی پر منتقلی کے اہداف

ماحولیاتی کارکنوں نے اس مسودے کو مسترد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی حدت روکنے کے تقاضوں سے بہت پیچھے ہے۔

مسودے میں تیل کی صنعت کے پسندیدہ اور متنازع طریقے ’کاربن کیپچر اینڈ سٹوریج‘ کے تحت ایک ارب میٹرک ٹن کاربن کو زمین میں محفوظ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یونین آف کنسرنڈ سائنٹسٹس‘ کی ریچل کلیٹس اور دیگر ماہرین نے خبردار کیا کہ یہ طریقہ دراصل فوسل فیولز میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کا محض ایک بہانہ ہے، کیونکہ تیل اور کوئلے کو ختم کیے بغیر عالمی حدت نہیں روکی جا سکتی۔

اسی طرح مسودے میں ترکی کی جانب سے 2035 تک توانائی کے مجموعی استعمال میں بجلی کا حصہ 21 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا ہدف شامل کیا گیا، جس کے تحت گاڑیوں، طیاروں اور صنعتوں کو بجلی پر منتقل کرنا ہوگا۔

تاہم، ’کلائمیٹ اینالیٹکس‘ کے سربراہ بل ہیئر اور ماحولیاتی کارکنوں نے اعتراض اٹھایا کہ معاہدے میں بجلی کی پیداوار کو صرف شمسی اور ہوائی توانائی تک محدود نہیں کیا گیا، اور کوئلے یا گیس سے بننے والی بجلی ماحول کو کوئی فائدہ نہیں پہنچائے گی۔

غریب ممالک کے لیے فنڈنگ کا دیرینہ مسئلہ برقرار

موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ غریب ممالک کا مطالبہ تھا کہ انہیں قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے دی جانے والی مالی امداد کا واضح طریقہ کار طے کیا جائے۔

 رواں برس یورپ میں جان لیوا گرمی کی لہروں اور نیپال میں تباہ کن سیلابوں نے اس خطرے کی شدت واضح کر دی ہے۔

’ستت سمپدا کلائمیٹ فاؤنڈیشن‘ کے بانی ڈائریکٹر ہرجیت سنگھ نے امیر ممالک کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’سیلاب اور گرمی کی لہریں انتظار نہیں کریں گی۔ امیر ممالک نقد رقم کے بجائے محض بات چیت کی پیشکش کر رہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کا آئندہ موسمیاتی سربراہی اجلاس نومبر 2027 میں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادِیس ابابا میں منعقد ہوگا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ