کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے ٹریفک پولیس اہلکار حاجی عطااللہ کے قتل کیس میں سابق رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔
جون 2017 میں کوئٹہ میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ عدالت نے 4 ستمبر 2020 کا بریت کا فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے عبدالمجید اچکزئی کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔
جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مجرم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور فوری گرفتاری کے بعد جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے مقتول کے ورثا کو دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

