کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 5 زخمیوں سمیت 7 ملزمان گرفتار

police operation31758153506 2



کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 5 زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

عوامی کالونی پولیس کے مطابق کورنگی عرفانی گوٹھ بند پٹی میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور 3 زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ہلاک ملزم کی شناخت 30 سالہ محمد عرفان جبکہ زخمی گرفتار ملزمان کی شناخت عاشق علی، اکرم علی اور میر حسن کے نام سے ہوئی۔ مقابلے کے دوران 3 ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک اور گرفتار ملزمان سے 3 پستول، 10 لاکھ 6 ہزار 500 روپے نقدی، 8 موبائل فون اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ ہلاک اور زخمی ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب گلبرگ پولیس نے کریم آباد اپوا کالج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

نیوکراچی پولیس نے سیکٹر 11 ایل یونائیٹڈ پارک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا۔

زخمی ملزم ذیشان کو عباسی شہید اسپتال منتقل جبکہ دوسرے گرفتار ملزم عارف کو تھانے منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ