کراچی:
اندرون سندھ کے شہر مٹھی میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والی کمپنی میں حادثے کے نتیجے میں جھلسنے والے 2 محنت کشوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا جہاں دونوں کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی محنت کشوں کی شناخت جے کمار اور صحبت خان کے نام سے ہوئی ہے۔ جے کمار کا جسم 91 فیصد سے زائد جبکہ صحبت خان کا 75 فیصد جھلس چکا ہے دونوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
جے کمار کے والد اشوک کے مطابق ان کا بیٹا کوئلے سے بجلی بنانے والی کمپنی میں کام کرتا ہے اور ایک بچی کا باپ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے کمار دوسری مرتبہ کمپنی میں حادثے کا شکار ہوا ہے۔
اشوک نے بتایا کہ وہ برنس وارڈ میں فراہم کیے جانے والے علاج سے مطمئن ہیں اور کمپنی کی جانب سے متعدد افراد بات چیت کے لیے آرہے ہیں، تاہم ان کی پہلی ترجیح اپنے بیٹے کی جان بچانا ہے، اس کے بعد وہ کمپنی انتظامیہ سے بات کریں گے۔
زخمی محنت کشوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث ان کی زندگی بچانے کے لیے علاج جاری ہے۔ حادثے کی وجوہات اور کمپنی انتظامیہ کی ذمہ داری کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

