اگر آپ اپنے آن لائن اکاؤنٹ یا ای میل کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجے جانے والے تصدیقی کوڈ (او ٹی پی) سے محفوظ رکھتے ہیں تو آپ ہیکرز کے لیے آسان ہدف ہیں۔
ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیق یقیناً پاس ورڈ سے بہتر ہے، لیکن سم تبدیل کروا کر یا دھوکا دہی کے ذریعے ایس ایم ایس تصدیقی کوڈ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے اور آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہو سکتا ہے۔
تو ایس ایم ایس او ٹی پی سے بہتر طریقے کون سے ہیں؟ آئیے آپ کو بتاتے ہیں۔
ہیکرز سم تبدیل کروا کر آپ کے نمبر پر کنٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ آپ کے ایس ایم ایس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں یا آپ کو فون کال یا پیغام کے ذریعے دھوکا دے کر تصدیقی کوڈ بتانے پر آمادہ کر سکتے ہیں۔
اسی لیے سائبر سکیورٹی کے ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ آپ ایسا ملٹی فیکٹر تصدیقی نظام استعمال کریں جو فشنگ (Phishing) کے حملوں سے محفوظ ہو۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فشنگ سائبر کرائم کی ایک قسم ہے، جس میں ہیکر کسی قابلِ اعتماد ادارے یا شخص کا روپ دھار کر لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں تاکہ وہ اپنی حساس معلومات، مثلاً پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ نمبر اور اکاؤنٹ کی تفصیلات ظاہر کر دیں یا ان کی ڈیوائس میں نقصان دہ سافٹ ویئر نصب ہو جائے۔
ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیق کے 3 متبادل طریقے ہیں۔
1۔ پہلا طریقہ موبائل تصدیقی ایپس ہیں، جن کی کئی اقسام موجود ہیں۔
آپ گوگل ایپ، مائیکروسافٹ آتھنٹیکیٹر یا ڈیو ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ ایپس آپ کے فون پر ایک عارضی سکیورٹی کوڈ تیار کرتی ہیں، جو عام طور پر ہر30 سیکنڈ بعد تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ کوڈ کرپٹو گرافی کے ذریعے تیار کیے جاتے ہیں اور صرف تصدیق شدہ آلات پر کام کرتے ہیں۔
اس طرح، اگر کسی ہیکر کو آپ کا پاس ورڈ معلوم ہو بھی جائے تو اس کے لیے آپ کے اکاؤنٹ میں داخل ہونا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
2۔ دوسرا طریقہ پاس کیز (Passkeys) ہیں۔ پاس کیز آپ کے قابل اعتماد فون یا لیپ ٹاپ میں محفوظ طریقے سے رکھی جاتی ہیں۔
اکاؤنٹ میں داخل ہوتے وقت آپ اپنے فنگر پرنٹ، چہرے کی شناخت یا پن کوڈ کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ آپ کو کوئی کوڈ کاپی کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ براہ راست اس طریقے سے اپنے اکاؤنٹ میں داخل ہو سکتے ہیں۔
3۔ آخر میں ہارڈویئر سکیورٹی کا طریقہ ہے۔ یہ سب سے زیادہ محفوظ طریقہ ہے۔ یہ یو ایس بی کی طرح ایک چھوٹا سا طبعی آلہ ہوتا ہے، جسے آپ کمپیوٹر سے منسلک کر کے یا اس پر ٹیپ کر کے اپنی شناخت کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
اس طرح فشنگ کے ذریعے حملہ آور کے لیے آپ کے اکاؤنٹ میں داخل ہونے کی تصدیق حاصل کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

