ایل پی جی کی دستیابی کیلیے حکومت نے نیا نظام متعارف کروادیا

lpg1750171985 0


حکومت نے ایل پی جی کی شفاف نیلامی اور منصفانہ تقسیم کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے، نیلامی کے نئے نظام کے تحت مقامی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری جبکہ نجی مارکیٹنگ کمپنیوں کا کوٹہ 90 فیصد مختص ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پیٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ مقامی ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے، جبکہ بقیہ 90 فیصد ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔

کمیٹی کے مطابق نیلامی میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی نگرانی کی جائے گی اور اس حوالے سے اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی دستیابی اور غیر منصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی کا نیا نظام ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین کے استحکام اور توانائی کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔ حکومت کا مقصد صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔ 

وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے فریم ورک کی منظوری دی تھی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ