پانچ لاکھ مٹھائیاں، 500 باورچی اور 4 لاکھ شرکا: انڈیا میں ایک شاہانہ شادی کا قصہ

400252 1931518133


پانچ لاکھ مٹھائیاں، 500 باورچی، ایک ہزار کلو بکرے کا گوشت، 151 گاڑیوں کا قافلہ، مہمانوں کو لانے کے لیے ہیلی کاپٹر اور چین سے منگائے گئے پھول۔ 

یہ تمام تیاریاں کسی شاہی شادی کے لیے نہیں تھیں بلکہ یہ انڈیا کی غریب ترین ریاستوں میں شمار ہونے والی ریاست بہار کے ایک گاؤں میں ایک سیاست دان کی بیٹی کی شادی کا اہتمام تھا۔

بدھ کو اندازاً چار لاکھ افراد شیوانگی سنگھ کی شادی میں شرکت کے لیے نڈاوا پہنچے۔ 

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

شیوانگی سیاست دان اننت سنگھ کی بیٹی ہیں، جن کی شادی رشی کیش کمار سے ہوئی، جو جارجیا سٹیٹ یونیورسٹی، اٹلانٹا سے ایم بی اے کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اننت سنگھ کو بہار بھر میں ’چھوٹے سرکار‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

تقریبات کا اہتمام اس قدر وسیع پیمانے پر کیا گیا کہ چھوٹا سا گاؤں آنے والے ہجوم کو سنبھالنے میں مشکلات کا شکار ہو گیا۔ 

مقامی میڈیا کے مطابق شادی کے مقام تک جانے والی سڑکوں پر کئی کلومیٹر طویل ٹریفک جام رہا جبکہ تقریبات کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگ درختوں اور بجلی کے کھمبوں پر چڑھ گئے۔

بہار کی قانون ساز اسمبلی کے چھ مرتبہ رکن رہنے والے اننت سنگھ کے لیے بظاہر یہ تمام انتظامات کوئی غیر معمولی بات نہیں تھے۔

شادی سے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے غیر معمولی تیاریوں سے متعلق سوالات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’میں نے اپنی بڑی بیٹی کی شادی پر بھی بالکل ایسے ہی انتظامات کیے تھے۔‘

اطلاعات کے مطابق مہمانوں کے لیے تقریباً پانچ لاکھ روایتی مٹھائیاں تیار کی گئیں جبکہ کھانا پکانے کے لیے 500 باورچیوں اور شیف کی خدمات حاصل کی گئیں۔

تقریباً ایک ہزار کلوگرام بکرے کا گوشت استعمال کرتے ہوئے کباب اور سالن تیار کیے گئے۔

شادی کے مقام کو پھولوں کی دیدہ زیب سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا تھا، جس میں مبینہ طور پر چین سے درآمد کیے گئے پھول بھی شامل تھے۔ تقریبات کے دوران آتش بازی کا بھی انتظام تھا۔

ملک کے مختلف حصوں سے ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے آنے والے اہم مہمانوں کے لیے عارضی ہیلی پیڈ بھی تعمیر کیے گئے تھے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق اس موقعے پر 52 گھوڑے بھی لائے گئے تھے، جن کے سوار بہار، اتر پردیش، جھارکھنڈ، راجستھان اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے تھے۔

منتظمین نے مبینہ طور پر 150 سے زیادہ اقسام کے کھانوں پر مشتمل مینیو تیار کیا، جس میں بہار کے روایتی پکوانوں کے علاوہ انڈیا کے مختلف علاقوں کے کھانے بھی شامل تھے۔

اطلاعات کے مطابق اننت سنگھ نے بہار، انڈیا کے دیگر علاقوں اور بیرون ملک، حتیٰ کہ پاکستان میں بھی تقریباً چار لاکھ شادی کے دعوت نامے بھجوائے تھے۔

مہمان ٹرینوں، بسوں اور نجی گاڑیوں کے ذریعے نڈاوا پہنچے جبکہ بعض افراد پیدل ہی شادی کے مقام کی جانب روانہ ہوئے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بختیار پور-موکاما ہائی وے سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں لوگوں کے بڑے بڑے گروہ گاؤں کی طرف جاتے دکھائی دیے، جہاں جمع ہونے والا ہجوم کسی مذہبی اجتماع کا منظر پیش کر رہا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دولہا نے دھوپ کا چشمہ پہن کر اور نارنجی رنگ کا مفلر لہراتے ہوئے شادی میں انٹری دی۔ اس کے ساتھ 151 گاڑیوں کا قافلہ بھی تھا۔

دلہن نے سرخ اور سنہری رنگ کی ساڑھی پہن رکھی تھی۔ اطلاعات کے مطابق دولہے کو سفید رنگ کی لینڈ روور ڈیفنڈر، 100 گرام وزنی سونے کی چین اور 80 گرام کا سونے کا بریسلٹ تحفے میں دیا گیا۔

تاہم تقریب کی سب سے بڑی کشش گھوڑوں کی دوڑ قرار دی جا رہی تھی۔

منتظمین نے مبینہ طور پر دوڑ جیتنے والے گھوڑے کے مالک کے لیے ایک ایس یو وی گاڑی انعام میں دینے کا انتظام کیا تھا۔ تاہم یہ مقابلہ منعقد نہ ہو سکا۔

ہجوم اس قدر بڑھ گیا کہ تماشائی دوڑ دیکھنے کے لیے درختوں اور بجلی کے کھمبوں پر چڑھنے لگے، جس کے باعث منتظمین کو آخری وقت میں گھوڑوں کی دوڑ منسوخ کرنا پڑی۔

’ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز‘ کے مطابق اننت سنگھ کے خلاف 28 فوجداری مقدمات زیر التوا ہیں۔ یہ ادارہ انڈیا کے منتخب نمائندوں کے پس منظر اور ان کے خلاف مقدمات کا ریکارڈ مرتب کرتا ہے۔

ان مقدمات میں قتل، اقدام قتل، اغوا اور بھتہ خوری کے الزامات شامل ہیں۔ اننت سنگھ نے اپنے خلاف الزامات کی تردید کی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ