لاہور — سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ گورنر راج میں حصہ اور گورنر شپ نہ ملنے پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سیاستدان ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے ہیں۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ ان کا یہ حال تھا کہ اپنی سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے۔ ان کے مطابق ایسے سیاستدانوں کو آج دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ ہے، تاہم غیر شائستہ زبان اور الزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بعض سیاسی رہنماؤں کو آج سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل کے معاملے پر بہت تشویش ہو رہی ہے، جب کہ کئی سال تک سابق فاٹا کے اضلاع کو ان کا جائز حصہ نہیں ملا تو اس وقت یہ لوگ خاموش کیوں تھے۔
انہوں نے پوچھا کہ اس دوران انہیں سابق فاٹا کے عوام کے حقوق کے لیے بیان دینا کیوں یاد نہیں آیا۔

