بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے لاہور میں 27 نومبر کو ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت ملنے کی تصدیق کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھگونت سنگھ مان نے جمعے کو بھارتی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی ہے اور میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔
بھگونت مان نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں بیرون ملک سفر کے لیے درکار حکومتی اجازتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک جانے کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟
انہوں نے کہا کہ ہمارا کلچر ایک ہے اور ہمارے شاعر سمیت دیگر لوگ لاہور جائیں گے، میں بھی وہاں جانا چاہتا ہوں۔
اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے بھگونت مان سے کہا کہ اگر انہیں پاکستان جانے کی اجازت مل جائے تو وہ انہیں بھی اپنے ساتھ لے جائیں۔
اس پر وزیراعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ سب مل کر کرتار پور جائیں۔

