اسلام آباد میں 3 روزہ میگا فیسٹیول، ڈیڑھ لاکھ افراد کی آمد متوقع
اس ایونٹ کا مقصد پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے
اسلام آباد میں سیاحت، کھیل اور خاندانی تفریح کا بڑا میلہ سجنے جا رہا ہے، دوسرا پاکستان ٹورازم، اسپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 6 سے 8 نومبر 2026 تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا، جس میں ڈیڑھ لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیسٹیول کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے درمیان سیاحت کے فروغ، کاروباری مواقع بڑھانے اور پاکستان کے عالمی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ تین روزہ فیسٹیول میں سیاحت، کھیل، ثقافت، ایڈونچر اور خاندانی تفریح سے متعلق سرگرمیاں ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کی جائیں گی۔ ان کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے۔
فیسٹیول میں پیراگلائیڈنگ، راک کلائمبنگ، نیزہ بازی، ونٹیج کار شو، گرم ہوا کے غبارے، ثقافتی پرفارمنسز، روایتی دستکاری، کھانے پینے کے اسٹالز اور خاندانوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
مشیر برائے سیاحت نے کہا کہ سیاحت کا فروغ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور یہ شعبہ معاشی مواقع پیدا کرنے، لوگوں کے لیے امید کے نئے راستے کھولنے اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فیسٹیول میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اسلام آباد کو سیاحت، ثقافت، کھیل اور سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر متعارف کرانے میں مدد دے گی۔
آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں، جو اسلام آباد سے لے کر سوات، چترال، گلگت اور اسکردو جیسے خوبصورت علاقوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بلند پہاڑ، قدرتی مناظر، تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثہ معاشی ترقی کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیے فضائی رابطوں، سیاحتی بنیادی ڈھانچے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی تشہیر بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا، خصوصاً عرب ممالک سے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ نے کہا کہ سیاحت صرف تفریح تک محدود نہیں بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے اس شعبے کی ترقی کے لیے بنیادی سہولتیں بہتر بنانے اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔
چیمبر کے نائب صدر محمد وقاص خان سواتی نے کہا کہ آئی سی سی آئی فیسٹیول میں کاروباری برادری کی شرکت، تشہیر اور رابطہ کاری میں تعاون کرے گا۔ ان کے مطابق پی ٹی ڈی سی کے ساتھ اشتراک سے مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر سردار طاہر محمود نے بھی فیسٹیول کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام پاکستان کی سیاحتی صلاحیت نمایاں کرنے اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
تقریب میں آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، کاروباری شخصیات اور ہوٹل و مہمان نوازی کی صنعت سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔

