
(24 نیوز) سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں، تیز ہواؤں اور اچانک سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں کے لیے ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کر دیے ہیں۔
سعودی نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق جازان ریجن کے بعض علاقوں میں دوپہر 12 بجے سے رات 8 بجے تک ریڈ الرٹ نافذ کیا گیا ہے، اس دوران شدید بارش، تیز ہواؤں، ژالہ باری، گرج چمک اور اچانک سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ حدِ نگاہ بھی انتہائی کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح عسیر ریجن میں دوپہر ایک بجے سے رات 9 بجے تک اور مکہ ریجن میں دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں، ژالہ باری، گرج چمک اور سیلاب کا امکان ہے۔ مکہ ریجن کے ساحلی علاقوں میں سمندر کی لہریں بلند ہونے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق این سی ایم نے پیر کو جاری کردہ موسمیاتی پیش گوئی میں بتایا کہ جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، القصیم، حائل، تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے بعض حصوں میں درمیانے سے شدید درجے کی بارش متوقع ہے۔
بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرد و غبار اٹھانے والی تیز ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر حدِ نگاہ شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب مشرقی صوبے اور ریاض ریجن کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ کچھ مقامات پر دھند چھانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا

