وزیراعظم کی ہدایت: ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت اولین ترجیح، لاہور و کراچی ایئرپورٹس کی توسیع کی منظوری


اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہ ہو۔
ایئرپورٹس کی توسیع اور مسافروں کی سہولیات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے اور سہولیات بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی جائیں۔ انہوں نے اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے، بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات لینے، عملے کو اعلیٰ سروس ڈلیوری کی تربیت دینے، مختلف اداروں کے باہمی روابط بہتر بنانے اور بہترین کیٹررز کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو ایک بین الاقوامی فرم کے حالیہ سروے پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ:
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع مکمل ہو چکی ہے۔
گزشتہ ایک سال میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مقامی پروازوں کی بحالی کے لیے 14 ایئرپورٹس فعال کیے۔
ایف آئی اے نے اسٹاف اور کاؤنٹرز بڑھائے ہیں اور بڑے ایئرپورٹس پر پری ڈیپارچر ڈیسک قائم کیے ہیں۔
بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹس کی تنصیب تیزی سے جاری ہے۔
کراچی کو ایئر کارگو حب بنانے کے لیے ایئر کارگو ولیج پر کام جاری ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر میٹ اینڈ گریٹ سروس شروع کی گئی ہے۔
حیدرآباد میں ہوا بازی کے موجودہ ادارے کو بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن یونیورسٹی بنایا جائے گا، جس پر فروری 2028 تک کام شروع ہو گا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، مشیر وزیراعظم محمد علی، ارکان قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور اور علی زاہد، کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ پوسٹ