پاکستان ایران-امریکا ثالثی کے حوالے سے محتاط انداز میں پر امید ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ahmed sharif chaudhry1793388530 0



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے اپنے کردار کے حوالے سے ’محتاط انداز میں پرامید‘ ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے رواں ماہ میں ایران کے دو دوروں کے بعد پہلی مرتبہ انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فیلڈ مارشل کے دوروں سے متعلق سوال پر کہا کہ اگر یہ دورے مثبت نہیں تھے تو فیلڈ مارشل دو مرتبہ وہاں کیوں جاتے، ہاں دورے بالکل مثبت تھے اور ہم ہمیشہ ایک لفظ محتاط استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ تاحال ایسے طاقت ورعناصر موجود ہیں جو نقصان پہنچا رہے ہیں اور رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، جن کا خیال ہے کہ تنازع ان کے فائدے میں ہے۔

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایران کے ساتھ ہونے والی گفتگو یا امریکا کی حمایت پر بات کرنے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حال ہی میں سعودی عرب اور ترکیے کے عہدیداروں کے ہمراہ تہران کا دورہ کیا تھا اور وہاں ایران کے اعلیٰ عسکری حکام اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان اور ترک خفیہ ایجنسی کے سربراہ ابراہیم کالین بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مکہ دفاعی معاہدے میں ایران کی شمولیت کے حوالے سے سوال پر کہا کہ معاہدے کا متن کسی نئے رکن کو شامل ہونے سے نہیں روکتا، جو بھی مشترکہ دفاع اور علاقائی امن کے وژن سے متفق ہے شامل کیوں نہیں ہوسکتا ہے، ہر کسی کا خیرمقدم ہے تاہم یہ فیصلہ تینوں بنیادی فریقین کی سیاسی قیادت کو کرنا ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ