ٹوکیو: جاپانی دوا ساز کمپنی سومیٹومو فارما نے جمعہ 30 اکتوبر کو اعلان کیا کہ رعشہ (پارکنسنز) کے ایک مریض کو آئی پی ایس اسٹیم سیل تھراپی دی گئی ہے، جسے اس بیماری کے لیے دنیا کی پہلی اسٹیم سیل برین سرجری قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق پیوند کاری اکتوبر میں کیوٹو یونیورسٹی اسپتال میں کی گئی، تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ جاپانی ریگولیٹرز نے کامیاب کلینیکل ٹرائلز کے بعد مارچ میں اس علاج کی مشروط منظوری دی تھی۔
اس علاج میں صحت مند عطیہ دہندگان کے خلیوں سے ڈوپامائن پیدا کرنے والے دماغی خلیوں کے پیش رو خلیے تیار کر کے مریض کے دماغ میں لگائے جاتے ہیں۔ رعشہ میں یہی خلیے ختم ہو جاتے ہیں۔ موجودہ ادویات صرف علامات کو قابو میں رکھتی ہیں، بیماری کے بڑھنے کو نہیں روکتیں۔ دنیا بھر میں ایک کروڑ سے زیادہ افراد اس بیماری سے متاثر ہیں۔
کلینیکل ٹرائل میں 50 سے 69 سال کی عمر کے سات مریضوں کو دماغ کے دونوں جانب 50 لاکھ یا ایک کروڑ خلیے لگائے گئے اور دو سال تک نگرانی کی گئی۔ کوئی بڑا منفی اثر سامنے نہیں آیا اور چار مریضوں کی علامات بہتر ہوئیں۔
کمپنی مارچ 2029 تک 20 سے 30 مریضوں کی پیوند کاری کا ارادہ رکھتی ہے اور امریکہ میں بھی ٹرائل کر رہی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اگر اگلے سات سالوں میں حفاظت اور افادیت ثابت ہو گئی تو جاپان میں مکمل منظوری مل جائے گی۔

