بحران زدہ چار ممالک میں 90 لاکھ افراد کو موسمِ سرما میں امداد کی ضرورت: اقوامِ متحدہ


نیویارک/جنیوا — اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان، یوکرین، شام اور لبنان میں کم از کم 90 لاکھ افراد کو آنے والے موسمِ سرما میں اضافی انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ مالی خسارے، تیل اور خوراک کی بڑھتی قیمتوں اور سردی کے شدید اثرات کے پیشِ نظر ادارے نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے 50 ملین ڈالر جمع کرنے کی عالمی مہم شروع کی ہے۔�
یو این ایچ سی آر کی ڈائریکٹر برائے خارجہ تعلقات ڈومینک ہائیڈ نے کہا کہ عطیات سے متاثرہ خاندانوں کو ہیٹر، تھرمل کمبل، گرم کپڑے، ایندھن اور تباہ شدہ کھڑکیوں و مکانات کی مرمت کا سامان فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 35 ڈالر کے عطیے سے افغانستان میں ایک خاندان کو روایتی حرارتی آلہ فراہم کیا جا سکتا ہے، جبکہ 135 ڈالر سے یوکرین میں ایک خاندان کو حرارتی اور کھڑکیوں کی مرمت کا کٹ مل سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق افغانستان میں ستمبر 2023ء سے اب تک تقریباً 65 لاکھ افراد واپس آ چکے ہیں، جن میں سے بیشتر محدود وسائل کے ساتھ زندگی دوبارہ شروع کرنے پر مجبور ہیں۔ شام میں دسمبر 2024ء کے بعد تقریباً 17 لاکھ پناہ گزین اور 19 لاکھ اندرونِ ملک بے گھر افراد واپس لوٹ چکے ہیں، جبکہ شام کے ترجیحی علاقوں میں 24 لاکھ افراد کو سردیوں میں امداد درکار ہے۔
یوکرین میں ڈرون اور میزائل حملوں سے شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ رہا ہے اور روزانہ بجلی کی بندش مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ لبنان میں تقریباً 3 لاکھ افراد کو سردیوں میں امداد کی ضرورت ہو سکتی ہے، تاہم مالی وسائل کی کمی کے باعث ادارہ صرف ان میں سے نصف افراد تک مدد پہنچا سکتا ہے۔
یو این ایچ سی آر نے کہا کہ امداد کی ضرورت عروج پر ہے، مگر بجٹ میں کمی کے باعث ادارے کی مدد کی صلاحیت محدود ہو رہی ہے۔ اس لیے عام شہریوں اور نجی شعبے سے فوری تعاون کی اپیل کی گئی ہے

متعلقہ پوسٹ